روس : جدید ترین دفاعی میزائل نظام شام میں

روس : جدید ترین دفاعی میزائل نظام شام میں

ماسکو (فارن ڈیسک )  روس نے اپنا جدید ترین دفاعی میزائل نظام شام بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ایگور کوناشینکوو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کی بندرگاہ طرطوس میں موجود روسی بحری اڈے پر ایئر ڈیفنس میزائل نظام ایس 300 بھیجا گیا ہے۔ جس کا مقصد اپنے بحری اڈے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ایگور کوناشینکوو کا کہنا تھا کہ یہ بات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایس 300 کو بھیجنے پر ہمارے مغربی ساتھیوں کو اتنی تشویش کیوں ہو رہی ہے حالانکہ ایس 300 مکمل طور پر دفاعی نظام ہے اور اس سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ دفاعی نظام ویسا ہی ہے جیسا اس سے قبل ماسکو میں نصب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایس 300 موبائل نظام ہے اور اس کے ریڈار، لانچر اور کمانڈ سسٹم کو کئی گاڑیوں پر لایا جاتا ہے، امریکا نے گزشتہ روز شام کے معاملے پر روس کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ روس جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط کو پورا نہیں کر سکا تاہم روس کے ساتھ رابطوں کو برقرار رکھا جائے گا۔