ڈپریشن کا مقابلہ کرنے کے لیے کوکین کا استعمال کر رہا ہوں

ڈپریشن کا مقابلہ کرنے کے لیے کوکین کا استعمال کر رہا ہوں

برطانیہ (سورٹس  ڈیسک) برطانیہ کے عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن ٹائسن فیوری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈِپریشن یا ذہنی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے منشیات کا استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھیں کچھ برسوں سے ذہنی اور جسمانی مسائل کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے انھوں نے رواں برس مئی سے تربیت بھی نہیں کی ہے۔ 28 سالہ برطانوی باکسر نے رولنگ سٹون میگزین کو بتایا کہ وہ پیر سے جمعے تک شراب پینے کے لیے باہر جاتے ہیں اور کوکین استعمال کرتے ہیں۔ اپنی ذہنی بیماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیوری نے بتایا ‘میں اس بیماری سے نمٹ نہیں سکتا اور اس کے لیے صرف ایک ہی چیز ہے جو میری مدد کرتی ہے کہ میں بری طرح سے نشے میں دھت ہو جاؤں۔’ ٹائسن فیوری کے مطابق ‘لوگ کہتے ہیں کہ مجھے بائی پولر ڈس آرڈر کی ایک قسم ہو گئی ہے۔ میں ذہنی بیمار ہوں۔ میں صرف امید کرتا ہوں کہ کوئی مجھے مار دے گا اس سے پہلے کہ میں خود کو مار لوں۔’

واضح رہے کہ ٹائسن فیوری نے گذشتہ برس نومبر میں یوکرین کے باکسر ولادی میر کلشکو کو شکست دے کر ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف، ڈبلیو بی او اور آئی بی او کے ٹائٹلز جیتے تھے۔ اس فتح کے صرف دو ہفتوں کے بعد فیوری کو ان کے آئی بی ایف اعزاز سے محروم کر دیا گیا تھا کیونکہ وہ اس اعزاز کے دفاع کے لیے چیلنجر ویاچیسلاو گلازکوف سے مقابلہ کرنے کے قابل نہیں تھے۔