ہیٹی میں طوفان ’میتھیو‘ نے تباہی مچا دی، ہلاکتوں کی تعداد 340 سے تجاوز کر گئی

ہیٹی میں طوفان ’میتھیو‘ نے تباہی مچا دی، ہلاکتوں کی تعداد 340 سے تجاوز کر گئی

پورٹ او پرنس: ہیٹی سے آنے والا طوفان ’میتھیو‘ تباہی مچانے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا سے بھی ٹکرا گیا جب کہ طوفان کے باعث ہیٹی، کیوبا اور باہاماس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 340 سے تجاوز کر گئی اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی میں طوفان میتھیو کے باعث شدید تباہی پھیل گئی ہے، کیٹگری فور کے طوفان کے باعث اس وقت کیرولینا اور فلوریڈا کا ساحلی علاقہ تیز ہواؤں کی زد میں ہے جب کہ سمندری طوفان کے باعث ڈزنی تھیم پارک کو بھی بند کردیا گیا۔ ہیٹی حکومت کے مطابق زلزلے میں اب تک 340 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

طوفان میتھیو کے باعث بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ اور درجنوں دیہات کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے ہیں جب کہ جنوبی علاقے جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ طوفان کے باعث مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے جب کہ جنوبی ہیٹی کے جنوبی علاقوں کا ریاست کے دیگر حصوں سے زمینی راستہ بھی معطل ہو گیا ہے۔ میتھیو نامی طوفان نے ہیٹی میں تباہی مچانے کے بعد بہاماس پر اپنا قہر ڈھایا تو فلوریڈا، جارجیا اور کیرولینا کی عوام کو خبردار کردیا گیا کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں اور 20 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب طوفان کے پیش نظر امریکی صدر باراک اوباما نے ریاست فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جب کہ امریکی ریاست میں جاری صدارتی مہم بھی طوفان کے پیش نظر عارضی طور پر ملتوی کردی گئی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے بھی اپنی صدارتی مہم بھی فی الحال ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔