محرم الحرام میں ڈیوٹی کرنیوالے پولیس اہلکاروں کیلئے وزیراعلیٰ نے مزیدار مینیو پیش کردیا

محرم الحرام میں ڈیوٹی کرنیوالے پولیس اہلکاروں کیلئے وزیراعلیٰ نے مزیدار مینیو پیش کردیا

لاہور (نمائندہ تہلکہ ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو کھانے پینے کی بہترین اشیاء اور مشروبات دینے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کیلئے کھانے پینے کے انتظامات کے بارے میں پولیس حکام سے استفسارکیا جس پروزیراعلیٰ کو بتایاگیاکہ پولیس اہلکاروں کیلئے ناشتے اور کھانے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں اوراس ضمن میں مینوبھی بنایاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مینومیں شامل کھانے پینے کی اشیاء کی فہرست سن کراسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو بہترین ناشتہ اور دوپہر میں گرم مزیدار کھانا ،ٹھنڈا مشروب، منرل واٹر اور رات کو بھی اچھا کھاناکے ساتھ مشروب دیا جائے کیونکہ پولیس فورس نے محرم الحرام کے دوران جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہیں لہٰذا ان کے کھانے پینے کا مناسب انتظام انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام میں ڈیوٹی پر مامور پولیس فورس کی ضروریات کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں ان ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی بھی شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔