دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہوں

دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہوں

کراچی (شوبز ڈیسک)  ماہرہ خان نے  اپنا موقف پیش کردیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہیں۔

ماہرہ خان  بھارت میں بھی خاصی مقبول ہیں اور بالی ووڈ میں ان کی پہلی فلم ہی شاہ رخ خان کے ساتھ ریلیز ہورہی ہے لیکن اُڑی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں ان کی فلم کی ریلیز پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں تاہم اب انہوں نے اپنا موقف پیش کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اظہار خیال کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ وہ گزشتہ 5 برسوں سے اداکاری کررہی ہیں اور اس تمام عرصے میں انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت کا ہمیشہ خیال رکھا ۔ ایک فنکار اور پاکستانی ہونے کی حیثیت سے وہ ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہیں۔

mahera-khan

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے وہ دنیا میں کسی بھی جگہ پر دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانی نقصان کی مذمت کرتی ہیں۔ انہیں کبھی بھی جنگ یا خونریزی سے خوشی نہیں ملتی۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی دنیا کا خواب دیکھتی اور امید رکھتی ہیں جہاں ان کا بچہ جنگ اور خون خرابہ نہ دیکھے۔ وہ ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہیں جو انہیں پسند اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔