چین کی ایک نباتاتی دوا سے کینسر کو ختم کرنے میں بڑی کامیابی

چین کی ایک نباتاتی دوا سے کینسر کو ختم کرنے میں بڑی کامیابی

ہانگ کانگ (ہیلتھ ڈیسک) چین کی ایک نباتاتی دوا کے ذریعے خون کے ایک خاص قسم کے سرطان (اکیوٹ میلوئیڈ لیوکیمیا) کو بڑی کامیابی سے ختم کرنے کا تجربہ کیا گیا ہے۔

یہ تحقیق یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے ماہرین نے کی ہے اور ان کے مطابق چینی حکیم ایک عرصے سے اسے استعمال کررہے ہیں تاہم اسے دیگر دواؤں کے ساتھ ملاکر بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ یہ مرض خون کے سرطان کی شدید ترین کیفیت ہے اور ایسے مریضوں کو ایک خاص قسم کے پودے ’’پلیم ییو ٹری‘‘ plum yew درخت سے کشید کی گئی ایک دوا ہوموہیرنگ ٹونِن دی گئی تو یہ مرض دور ہوگیا مگر اس کے ساتھ کینسر ختم کرنے کی روایتی دوائیں بھی کھلائی گئی تھیں۔

یہ کینسر خون کے سفید خلیات کا سرطان ہے جو بہت مشکل سے جان چھوڑتا ہے۔ اس مرض میں مبتلا 24 مریضوں کو جب دوا دی گئی تو 20 میں یہ مرض جڑ سے ختم ہوگیا۔ ان میں سے ایک 76 سالہ خاتون کو صرف 5 ماہ تک یہ دوا دی گئی تھی اور ایک سال تک انہیں سرطان نہیں ہوا۔