ٹوئٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

ٹوئٹر نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

سماجی ویب سائٹس اپنے یوزرز کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے کر اپنی اپنی سائٹ کو استعمال کنندگان کے لیے پُرکشش ترین بنانے کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ ایسا ہی کیا ہے ٹوئٹر نے۔

ٹوئٹر نے اپنے یوزرز کے لیے ایک نیا آپشن متعارف کیا ہے۔ اس آپشن کے ذریعے ٹوئٹر کے استعمال کنندگان کو یہ سہولت میسر آئے گی کہ وہ لائیو وڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن Periscopeٹوئٹر پر لاگ ان رہتے ہوئے استعمال کر سکیں گے۔

اس آپشن کے تحت ٹوئٹر کے وہ یوزر جو Periscope سے بھی وابستہ ہے، اس لائیو وڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کے اپنے پروفائل کا لنک اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دے سکیں گے۔ ٹوئٹر کا یہ نیا فیچر اسی طرح کا ہے جس طرح کا فیچر اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ نے گذشتہ سال متعارف کرایا تھا۔ اس فیچر کے تحت ٹوئٹر کے صارفین کو اپنا وائن پر بنے پروفائل کا لنک ٹوئٹر پر دینے کی سہولت حاصل ہوگئی تھی۔

اگر آپ Periscope کے بہت سرگرم یوزر ہیں تو آپ کو ٹوئٹر پر اپنی محبوب ایپلی کیشن Periscope کا لنک خود دینے کی ضرورت نہیں، بل کہ ٹوئٹر ازخود آپ کے پیج پر یہ لنک سامنے لے آئے گا۔

ٹوئٹر کی طرف سے متعارف کرایا جانے والا یہ نیا آپشن یوزر کی بائیو کے ساتھ Periscope کا آئیکون لیے نمودار ہوگا۔ اس نئے فیچر کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ جب آپ ٹوئٹر پر آن لائن ہوں گے تو یہ دمکنا شروع ہوجائے گا اور اس طرح یہ دوسروں کو بتا رہا ہوگا کہ آپ Periscope پر لائیو ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے Periscope پروفائل کے لنک کو ایکٹیویٹ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے ٹوئٹر پروفائل پیج پر موجود ’’ایڈٹ پروفائل‘‘ کے آپشن پر کلک کریں، اس کے بعد وہ باکس چیک کریں جس پر لکھا ہوگا “show my Periscope profile” آپ کا لنک موجود ہے، اس لنک کی بدولت اب آپ ٹوئٹر پر رہتے ہوئے اپنے Periscope پروفائل سے بھی وابستہ رہ سکتے ہیں۔