سام سنگ نے نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی

سام سنگ نے نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی

جنوبی کوریا  ( ٹیکنالوجی) مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ‘سام سنگ’ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنے جدید ترین سماٹ فون ‘گلیکسی نوٹ سیون’ کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی ہے۔

سام سنگ نے یہ فیصلہ صارفین کی جانب سے ان شکایات کے بعد کیا ہے گیلیسکی نوٹ سیون کا استعمال محفوظ نہیں کیونکہ اس فون کو آگ لگ جاتی ہے۔ نوٹ سیون کی پروڈکشن بند کرنے کے اعلان سے قبل کپمنی نے کہا تھا وہ اس ماڈل کی فروخت ختم کر رہی ہے۔ سام سنگ کا کہنا تھا کہ گیلیکسی نوٹ سیون’ سے متعلق شکایات کا تفصیلی جائزہ لینے اور کوالٹی کنٹرول کو برقرار رکھنے کی غرض سے ہم نے اس ماڈل کی پیدوار میں حال ہی میں دوبارہ رد وبدل کیا تھا۔ لیکن صارفین کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے، ہم اس حتمی فیصلے پر پہنچے ہیں کہ گیلیسکی نوٹ سیون کی پیداوار روک دی جائے۔ سام سنگ کے اس فیصلے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی اپنے صارفین کو یہ سہولت فراہم کرے گی کہ وہ اپنے نوٹ سیون فون کے بدلے میں رقم لے لیں یا سام سنگ کا کوئی دوسرا فون لے لیں۔

کمپنی اس وقت اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ نوٹ سیون فونز کی بیٹری پھٹنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد وہ فونز جو متبادل کے طور پر صارفین کو دیے گئے تھے اور محفوظ قرار دیے گئے تھے، وہ بھی کیسے پھٹنے لگے ہیں۔ یاد رہے کہ ستمبر میں سام سنگ نے تقریباً 25 لاکھ نوٹ 7 فون صارفین سے واپس منگوا لیے تھے اور انھیں متبادل فون فراہم کیے تھے جو محفوظ قرار دیے گئے تھے۔ نوٹ 7 کے ابتدائی ورژن میں یہ شکایت پائی گئی تھی کہ چارجنگ کے دوران اس کی بیٹری پھٹ جاتی ہے۔ تاہم اب ان متبادل فونز کی بھی بیٹری پھٹے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

امریکی ریاست کنٹکی میں ایک شخص نے نوٹ سیون سام سنگ سے تبدیل کروایا پھر بھی چند ہی روز کے بعد ایک رات اس کے فون سے چارجنگ کے دوران اتنا دھواں نکالا کہ پورا کمرا بھر گیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ امریکہ میں ایک پرواز کے دوران بھی پیش آیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ’صارفین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے ہم دنیا بھر میں تمام ٹیلی فون کمپنیوں اور دکان داروں سے کہیں گے کہ وہ گیلیکسی نوٹ 7 کی فروخت اور تبدیلی روک دیں۔