خون میں شکر کی سطح ناپنے والا کانٹیکٹ لینس تیار

خون میں شکر کی سطح ناپنے والا کانٹیکٹ لینس تیار

ہیوسٹن (ہیلتھ ڈیسک)  یونیورسٹی آف ہیوسٹن اور کوریا کے ماہرین نے ایک ایسے بے ضرر کانٹیکٹ لینس تیار کیے ہیں جو آنسوؤں ( یا نمی) کا جائزہ لے کر خون میں شکر کی مقدار معلوم کرسکتے ہیں۔

یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے سائنسدان نے اپنے ساتھیوں اور کوریا کے ماہرین کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر کام کیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق خون میں گلوکوز کی مقدار ناپنے کے لیے ہمیشہ خون درکار ہوتا ہے لیکن اس ایجاد میں سطح سے متصل رامن اسکیٹرنگ اسپیکٹروسکوپی سے مدد لی گئی ہے اور اسے ’’نینو بایا فوٹونکس‘‘ گروپ نے تیار کیا ہے۔

کانٹیکٹ لینس سونے کے نینوتاروں کی کئی پرتوں پر مشتمل ہے اور یہ کسی مادے پر پہنچ کر بکھرنے والی روشنی کو دیکھتے ہوئے اس شے کا اندازہ لگانے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آنسو میں گلوکوز کی شرح اور خون میں شکر کے موازنے پر ابھی کام جاری ہے اور یہی سب سے مشکل امر ہوگا۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ سرکٹ کو مزید نرم بناکر اس سے بہتر لینس تیار کرنے پر بھی کام جاری ہے۔