ملک بھرمیں یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھرمیں یوم عاشورانتہائی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور (تہلکہ ٹی وی) ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد میں شہر شہر جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔ ہرآنکھ پرنم ہے اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے ۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو نمائش ، ایمپریس مارکیٹ ، ریگل ، تبت سینٹر ، جامع کلاتھ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔

لاہور نثارحویلی میں رات گئے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس میں شریک عزاداروں کیلئے سبیلیں اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ پشاورمیں بھی یوم عاشور کے سلسلے میں شبیہہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقید ت پیش کیا جا رہا ہے ۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس ساڑھے نو بجے علمدار روڑ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوگا۔

فیصل آباد میں بھی شبیہہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ اسلام آباد میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس دن بارہ بجے برآمد ہوگا ۔ ملتان ، حیدر آباد ، روہڑی ، نوابشاہ ، خیرپور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔