بھارتی فلموں میں پابندی کے بعد بھی ماہرہ کا کیرئیر رواں دواں

بھارتی فلموں میں پابندی کے بعد بھی ماہرہ کا کیرئیر رواں دواں

لاہور:پاکستان کے معروف ہدایت کار شعیب منصورنے عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی اگلی فلم ‘ورنہ’میں مرکزی  کردار کیلئے کاسٹ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ‘خدا کیلئے’ اور’ بول’ جیسی کامیاب فلموں کے ہدایت کاراور مصنف شعیب منصور بہت جلد ایک اور فلم بنانے جا رہے ہیں جس میں مرکزی کردار اداکارہ ماہرہ خان نبھائیں گی۔

طویل عرصے بعد پاکستانی فلموں میں واپسی پر اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے لگتا ہے یہ پورا سفر بہت مختلف ہوگا۔’

ان کا کہنا تھا  کہ شعیب منصور کی فلم’ بول’ میں میرا کردار مختصر تھا،اس کے علاوہ وہ میری اداکاری کا ابتدائی دور تھا،مجھے گھبراہٹ بھی تھی،لیکن میں نے وہ سب بہت انجوائے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم بول میں میرے بہن اور بھائی کا کردار نبھانے والے اداکاروں کے ساتھ میری بہت اچھی دوستی ہوگئی تھی اور ہم سب خوب کھیلتے تھے۔

شعیب منصور ‘بول ‘کے تقریبا ً 5 سال بعد دوبارہ فلم بنا رہے ہیں جس کیلئے انہوں نےمجھ سے رابطہ کیااور کہانی کے متعلق بتایا۔

فلم کی کہانی کے حوالے سےبتاتے ہوئے ماہرہ کا کہنا تھا کہ منصور کی ہر فلم سماجی موضوع پر مبنی ہوتی ہے،یہ فلم بھی ہمارے آس پاس گھومتے ہوئے مسائل  پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کردار میرے لئے کافی چیلنجنگ ہے اور میں پوری کوشش کروں گی کہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کروں۔