خان پور: دو بسوں میں خوفناک تصادم ، 26 افراد جاں بحق، 60 زخمی

خان پور: دو بسوں میں خوفناک تصادم ، 26 افراد جاں بحق، 60 زخمی

رحیم یار خان (نمائندہ تہلکہ ٹی وی) خان پور میں دو مسافربسوں میں ہولناک تصادم کے نتیجے میں 26 مسافر جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو کے مطابق حادثے کا شکار مسافر بس کراچی سے بہاولپور جا رہی تھی ۔ دوسری مسافربس فیصل آباد سے صادق آباد آرہی تھی ۔ تصادم کے نتیجے میں تباہ ہونے والے بسوں کے اندر سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ۔ بسوں کی باڈی کو کاٹ کر اندر پھنسے مسافروں کو نکال لیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں 26 مسافر کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

ڈی سی او کے مطابق خان پور اور رحیم یارخان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ ریسکیو کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈ کواٹر خانپور منتقل کر دیں گئیں ہیں ۔ زخمی مسافروں کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ ریسکیو کے مطابق شدید زخمیوں کو رحیم یار خان شیخ زائد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق بعض مسافروں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے 8 افراد کی شناخت ہو گئی ہے ، جن میں سے 7 کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ۔ محمد اقبال، وقاص اسلم، حسن محمود، اللہ وسائی، محمد حسین، غلام مرتضی، ظہور احمد کا تعلق رحیم یار خان سے اور الیاس کا سرگودھا سے ہے