یونس خان: کرکٹ کو سیاست سےدور رکھنا چاہیے

یونس خان: کرکٹ کو سیاست سےدور رکھنا چاہیے

ابو ظہبی (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین یونس خان پاک بھارت کرکٹ کو اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بہت ضروری سمجھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سیاست کو کھیل سے بالکل الگ رکھنا چاہیے۔

یونس خان نے ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ایک انٹرویو میں کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے دنیا کے کسی بھی حصے میں کھیلتے ہیں تو میدان بھر جاتے ہیں۔  اس کرکٹ کو دنیا دیکھتی ہے اور اس کی زبردست مقبولیت ہے لہٰذا ضروری ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھتے ہوئے جاری رکھا جائے اس سے اس خطے میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی اہم ترین ٹیموں میں سے ایک ہے لہٰذا پاکستان کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئیں اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ شروع ہو۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں بہت زیادہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ہورہی ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ بھی بہت بڑی تعداد میں ہیں اس کے علاوہ کسی بھی کرکٹر کی اصل اہمیت اس کے ٹیسٹ میچز سے ظاہر ہوتی ہے۔

یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کی تکمیل کے لیے پانچ سو چوالیس رنز درکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی ریکارڈ کے لیے نہیں کھیلے لیکن وہ اپنے دس ہزار رنز تک جلد سے جلد پہنچنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہوگی کیونکہ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہوں گے۔