صدر مملکت 4روزہ سرکاری دورہ کریں گے

صدر مملکت 4روزہ سرکاری دورہ کریں گے

لاہور(نمائندہ تہلکہ ٹی وی) صدر مملکت ممنون حسین 25 اکتوبر تک قطر کا 4روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ صدر مملکت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔

اس دورے کے دوران صدر ممنون حسین امیر قطر اور دوسری اہم شخصیات کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور زیربحث آئیں گے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تمام شعبوں میں شاندار تعلقات قائم ہیں۔دونوں ممالک علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں اور اقوام متحدہ ، او آئی سی سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔

پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کی اہم وجہ عوامی روابط ہیں۔قطر میں ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانی قیام پذیر ہیں جو پاکستان کے ساتھ ساتھ قطر کی ترقی اور استحکام کے لئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔صدر ممنون حسین کے قطر کے دورے کا اصل پہلو قطر کی قیادت کے ساتھ بات چیت ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور روزگار کے مواقع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔