ہیلی کاپٹرگرکرتباہ،19افراد ہلاک

ہیلی کاپٹرگرکرتباہ،19افراد ہلاک

ماسکو(فارن ڈیسک) روس کا ایک ہیلی کاپٹر سائبیریا کے شمال مغرب میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کی انویسٹی گیشن کمیٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر جمعہ 21 اکتوبر کی رات نووی یورینگوئے شہر کے باہر گر کر تباہ ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 22 افراد سوار تھے جن میں سے 19 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ تفتیش کاروں کے مطابق ہیلی کاپٹر سائبیریا کے علاقے کراسنویارسک سے یورینگوئے کی طرف جارہا تھا کہ اسے حادثہ پیش آیا۔ وزارت ہنگامی امور کے مطابق واقعے کے فوری بعد ہی ریسکیو اہلکاروں کو جائے وقوع کی جانب روانہ کردیا گیا، جنھوں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ان افراد کو نووی یورینگوئے کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

تاہم وزارت ہنگامی امور کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے حادثے کے مقام کے تعین اور ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفتیش کاروں کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ فلائٹ سیفٹی کے قواعد کی خلاف ورزی، کوئی مکینیکل خرابی یا شدید موسم ہوسکتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ممکنہ خلاف ورزیوں کی تفتیش کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک ہیلی کاپٹر گذشتہ برس بھی سائبیریا کے مغربی قصبے اگارکا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔