سارا دن لاش ٹوبہ ٹیک سنگھ گرلز سکول کے سامنے پڑی رہی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (سعود احمد بیورو چیف ) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس کی ہٹ دھرمی عروج پر پہنچ گئی۔ نامعلوم شخص کی لاش سارا دن تھانہ سٹی اور گورنمنٹ گرلز ایم سی سکول کے سامنے پڑی رہی ، پولیس نے تھانے سے دو قدم کے فاصلے پر پڑی لاش کے پاس آنے کی بھی جسارت نہ کی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ سٹی گوجرہ اور گورنمنٹ ایم سی گرلز سکول کے سامنے ایک شخص کی لاش ملی تو سکول انتظامیہ اور شہریو ں نے لاش تھانے کے سامنے پڑی ہونے کے باوجود پولیس کو اطلاع کی مگر پولیس کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہ ملا، سکول انتظامیہ نے پولیس کو نعش سکول کے گیٹ کے سامنے سے ہٹانے کے لیے کہا لیکن حالت جوں کی توں ہی رہی اور سارا دن حصول تعلیم کے لیے سکول آنے والی بچیاں نعش کی صورت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ذہن نشیں کرتی ہی سکول جاتی رہیں۔

نعش کی خبر پولیس کو تو اطلاع ہونے کے باوجود نہ ہوئی لیکن شہر میںآگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد شام گئے مرنے والے شخص کی شناخت اشتیاق کے نام سے ہو گئی، ورثاء موقعے پر پہنچے تو خود کو بے بس اور لاچار پایا اور اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو رکشے میں رکھ کر گھر لے گئے۔ مرنے والے کے ورثاء کو تو صبر آجائے گا لیکن تھانے اور سکول کے درمیان سارا دن بے یارو مددگار پڑی رہنے والی لاش نے پولیس کی کارکردگی پر بہت سے سوال چھوڑ دیے ہیں۔