پی ٹی آئی اسلام آباد کے کون سے 9 مقامات کو بند کرے گی، حکمت عملی کیا؟

پی ٹی آئی اسلام آباد کے کون سے 9 مقامات کو بند کرے گی، حکمت عملی کیا؟

اسلام آباد (رضی طاہر) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی حکمت عملی بنالی،شہر کو کتنے مقامات سے بند کیا جائے گا؟ مرکزی جلسہ کہاں ہوگا؟ عمران خان کہاں سے حصہ بنیں گے ؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔

ذرائع نے تہلکہ ٹی وی کو بتایا کہ تحریک انصاف 9 مقامات پر سے اسلام آباد کے داخلی راستوں سمیت مین شاہراہوں اور علاقوں کو بند کرے گی۔ جس میں ترنول پھاٹک ، آئی جی پی روڈ، فیض آباد ، بارہ کہو، روات، کراچی کمپنی، آبپارہ چوک، ایف الیون اور زیرو پوائنٹ شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آخری دن تک اپنی روانگی کا اعلان مخفی رکھیں گے۔ ممکنہ طور پر وہ بنی گالا سے ہی ایک قافلے کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں گے جس کیلئے تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں کارکنوں کو قبل از وقت بنی گالا بلایا ہے، تاہم یہ فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہے۔

pti

دوسری جانب تحریک انصاف اپنا مرکزی سٹیج زیروپوائنٹ پر لگانے جارہی ہے۔ کارکنان کو ٹارگٹ یہ دیا گیا ہے کہ زیروپوائنٹ سے فیض آباد تک عوام کا ہجوم نظرآنا چاہیے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں دھرنا دیا جائے گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دھرنے کے مطالبات کی منظوری کیلئے10دن سے زیادہ بیٹھنا نہیں پڑے گا۔ عمران خان نے گزشتہ روز کہا ہے کہ اب کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت کی آخری سانسیں چل رہی ہیں ۔ وزیراعظم مستعفی ہوجائیں نہیں تو پوری حکومت کو جانا ہوگا۔