آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کا استعمال ممکن نہیں،انتخابی اصلاحات کمیٹی

آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کا استعمال ممکن نہیں،انتخابی اصلاحات کمیٹی

اسلام آباد (نمائندہ تہلکہ ٹی وی) آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک مشینوں کا استعمال ممکن ہوگا نہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کاحق دیا جاسکے گا۔

 پیپلزپارٹی قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نوید قمر کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی اب یونیفائیڈ لاء کوحتمی شکل دے گی، الیکشن کمیشن کو بااختیاربنانے کی کوشش کررہے ہیں مگراس میں بااختیارہونے کی صلاحیت نہیں۔ انکا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں اور بائیومیٹرک مشینیں خرید لی ہیں۔ قانون میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کی گنجائش رکھی گئی ہے تاہم ان کے خیال میں آئندہ انتخابات میں الیکٹرانگ ووٹنگ مشینیں اور بائیومیٹرک مشینوں کااستعمال نہیں ہوسکے گا۔

قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ نے کہاکہ کمیٹی اپناکام کررہی ہے جومکمل ہو نیوالاہے۔ کمیٹی نہیں چاہتی کہ جلد بازی میں کام کرے جو بعد میں غلط ہو۔ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کچھ آئینی ترامیم ہوں گی۔ جماعت اسلامی کے رکن صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ کمیٹی کے 67 اجلاس ہوچکے ہیں اور الیکشن کمیشن کے حوالے سے آئینی ترامیم اوردیگر قوانین میں ترامیم زیرغور ہیں۔ ایم کیوایم کے رکن کرنل (ر) طاہرحسین مشہدی نے کہا کہ کمیٹی نے بہت سے اہم معاملات پر اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔ اب اس کوترتیب میں لایاجارہاہے۔ ایکٹ آف پارلیمنٹ بنا رہے ہیں جوتمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے آئیگا۔