سانحہ کوئٹہ کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

سانحہ کوئٹہ کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

کوئٹہ: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سول وعسکری قیادت نے ملکی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

 کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹرپر دہشت گردوں کے حملے میں درجنوں کیڈٹس کے شہید ہونے کے بعد ملک کی اعلیٰ ترین سول اور فوجی قیادت کوئٹہ پہنچ گئی جہاں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق غورو خوض کیا گیا اور واقعے کی کڑیوں تک پہنچنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیاگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 61 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔