آرمی چیف کا شہید کیپٹن روح اللہ کے لئے تمغہ جرأت کا اعلان

آرمی چیف کا شہید کیپٹن روح اللہ کے لئے تمغہ جرأت کا اعلان

راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی کے حملے میں شہید ہونے والے آرمی ایلیٹ کمانڈو کیپٹن روح اللہ کو تمغہ جرأت اور نائب صوبیدار محمد علی کو تمغہ بسالت سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی  میں آرمی کےکیپٹن روح اللہ بھی شہید ہوئے ہیں۔ کیپٹن روح اللہ ایلیٹ آرمی کمانڈو تھے اور ان کا تعلق پشاور کی تحصیل شبقدر سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید کی میت آبائی علاقے میں پہنچانے کےلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں وجہ ولہ میں ادا کی جائے گی۔

14633083_894604337339695_727808952333576579_n

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیپٹن روح اللہ کے لئے تمغہ جرأت کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمی ہونےوالے آرمی کے نائب صوبیدار محمد علی کو تمغہ بسالت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ruhullah

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بمبار کو ایک جانب محدود رکھا اور بڑی تعداد میں پولیس ریکروٹس کو نکلنے میں مدد دی۔

شہید کیپٹن روح اللہ اپنے فیس بک پیج پر آخری مرتبہ 11 اکتوبر کو سہ پہر ایک بجکر 37 منٹ پر پروفائل پکچر تبدیل کی جس پر پیغام درج ہے ” ہم سب میں ایک فوجی چھپا ہے اور جب فرض کا حکم آجائے تو تیار رہیں”۔ شہید کیپٹن کی اس تصویر پر ان کی شہادت کے بعد قریبی دوست اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں جب کہ ساجد وزیر لکھتے ہیں کہ آپ پوری قوم کے لئے فخر کا نشان ہیں اللہ تعالیٰ روح اللہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔ چوہدری عثمان لکھتے ہیں کہ خود تو جنت میں جگہ بنا لی اور ہمیں اداس چھوڑ دیا۔ شہید کے کئی دوستوں نے غمزدہ ایموجیز بھی شیئر کیں اور اپنے دکھ کا اظہار کیا۔