امریکہ شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے باز رکھنےمیں ناکام

امریکہ شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے باز رکھنےمیں ناکام

امریکہ (فارن ڈیسک) امریکی قومی انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو جوہری پروگرام ترک کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی امریکی پالیسی شاید ایک ناکام کوشش ہے۔

ڈائریکٹر جیمز کلیپر نے نیویارک میں ایک تقریر کے دوران کہا کہ امریکہ اگراس ضمن میں کچھ کر سکتا ہے تو وہ ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کوروکا جائے شمالی کوریا کو غیر جوہری بنانے کے طویل مدتی مقصد کے پیش نظر یہ واشنگٹن کی جانب سے ایک غیر معمولی اعتراف ہے۔  بین الاقوامی مخالفت اور سخت پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے اپنے جوہری اور راکٹ پروگرامز میں حالیہ برسوں کے دوران تیزی سے ترقی کی ہے۔

قومی سلامتی پر صدر اوباما کے مشیر کی حیثیت سے کلیپر نے سنہ 2014 میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا۔  کونسل آن فورن ریلیشنز میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے شمالی کوریا کی حکومت کے بارے میں کہا کہ شمالی کوریا  جوہری صلاحیت کو اپنی بقا کا ٹکٹ سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری اسلحے کو محدود کرنے کے لیے اس کے رہنما کم جونگ ان کو معاشی لالچ دینی زیادہ بہتر پالیسی ہو سکتی ہے۔