کراچی ،بدامنی پھیلانے میں بھارت اور افغانستان کے بعد ایران کا بھی ہاتھ، اہم انکشافات

کراچی ،بدامنی پھیلانے میں بھارت اور افغانستان کے بعد ایران کا بھی ہاتھ، اہم انکشافات

کراچی (ذیشان صدیقی) بھارت اور افغانستان کے ساتھ ایرانی خفیہ ایجنسی بھی کراچی کے حالات خراب کرنے ، ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ قتل میں ملوث نکلی، اورنگی ٹاؤن سے گرفتار 2دہشت گردوں نے حساس ادارے کی ٹیم کے سامنے اہم انکشافات کر دیئے۔

شہر میں مختلف پروفیشنلز کے ذریعے دہشت گردی کے لیے فنڈز منتقل کیا جاتا ہے ،سرمایہ کار کروبار کی آڑ میں ایران سے خصوصی فنڈ حاصل کرتے ہیں ،دہشت گرد وں نے انکشاف کیا کہ انچولی میں ایک ہائی پروفائل شخص ٹارگٹ تھا جس کے قتل کے بعد فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکائی جانی تھی۔

ذرائع نے بتایا کے اورنگی ٹاؤن سے جمعہ کو گرفتار کیے جانے والے 2ایرانی نژادملزمان نے حساس ادارے کی ٹیم کے سامنے سنسنی خیز انکشاف کیے ہیں ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ ایران سے بھاری فنڈ پروفیشنلز کے ذریعے کراچی منتقل کیا جاتا ہے جس کے بعد ملزمان کو مختلف وارداتوں کے لیے رقم دی جاتی ہے ۔سرمایہ کار اپنے کاروبار کی آڑ میں ایران کی ایجنسی سے رابطہ میں رہتے ہیں اور مختلف کام کی مد میں ان کو معاضے کی صورت میں رقم فراہم کی جاتی ہے۔

روزنامہ جہان پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے مزید بتایا کہ ایران کی جانب سے شہر کے حالات خراب کرنے ،ہائی پروفائل واقعات کے ساتھ فرقہ وارانہ قتل کے احکامات جاری کیے جاتے ہیں ،جو کہ مختلف اہم افراد کی طرف سے ملتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انچولی میں وہ ایک ہائی پروفائل شخص کو ٹارگٹ کرنے آئے تھے لیکن پولیس کے مقابلے کے بعد فرار ہو گئے تھے ۔ملزمان نے دعویٰ کیا کہ ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کے بعد منصوبہ تھا کہ شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور حالیہ چند واقعات کی بھی تفتیش کی جائے گی۔