وزیر اعظم ،وکلاء سمیت کوئی بھی قانون سے بالادست نہیں ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ،وکلاء سمیت کوئی بھی قانون سے بالادست نہیں اور کسی کو عدالتوں کے سامنے پیش ہونے سے انکار بھی نہیں کرنا چاہیے۔پہلے وکیلوں سے بدتمیزی ہوتی تھی آج ججز سے ہو رہی ہے جس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کے بنچ سے بہت اختلافات ہیں۔ہرفورم پر بنچ اور بارکے اختلافات کا ذکر کیا ہے۔ لیکن میں ججز سے بدتمیزی اور عدالتوں میں ہلڑبازی کی مذمت کرتی ہوں۔ کسی کو بھی بار اور بنچ کی آڑ میں سیاست کرنے یا ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔یہ تاثر غلط ہے کہ وکلا کی اکثریت ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر شیرزمان کے ساتھ ہے۔ وکلا قانون کی بالادستی کے ساتھ ہیں۔قانون کی بالادستی کے لئے وزیر اعظم کو بھی عدالت میں پیش ہونا پڑا۔