سابق وزیراعظم نوازشریف کا قافلہ گوجرانوالہ سے لاہور کی جانب گامزن

سابق وزیراعظم نوازشریف کا قافلہ گوجرانوالہ سے لاہور کی جانب گامزن ہے جہاں داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ نوازشریف کی قیادت میں اسلام آباد سے چلنے والی ریلی کا آج چوتھا اورآخری روز ہے اور اب ان کا قافلہ اپنی آخری منزل لاہور کی جانب گامزن ہے، گوجرانوالہ میں ایک رات قیام کے بعد نوازشریف کی قیادت میں ریلی براستہ کامونکی اور مریدکے سے لاہور پہنچے گی جہاں سابق وزیراعظم پہلے شاہدرہ چوک اور پھر داتا دربار کے باہر ریلی کے شرکا سے آخری خطاب کریں گے۔لاہور میں داتا دربار تک پہنچے کا تاحال کوئی وقت متعین نہیں کیا گیا تاہم شہر کے تمام داخلی راستے سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیئے گئے اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف کی قیادت میں سیالکوٹ سے جانے والا قافلہ اور وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کی قیادت میں پسرور سے روانہ ہونے والی ریلی کامونکی میں نوازشریف کا استقبال کرے گی اور ان کے ساتھ لاہور تک جائیں گے۔۔