قطر نے 80 ملکوں کیلئے ویزے کی پابندی ختم کر دی

قطر نے 80 ملکوں کیلئے ویزے کی پابندی ختم کر دی

قطری حکومت نے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے 80 ممالک کیلئے ویزے کی پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوحہ (تہلکہ ٹی وی) غیر ملکی میڈیا کے مطابق اہم خلیجی ملک قطر نے 80 ممالک کے شہریوں کو ویزے کی پابندی سے مستشنیٰ قرار دیدیا ہے۔ قطری حکام نے پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 80 ممالک پر عائد ویزے کی پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

جن ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ان میں امریکا، برطانیہ، بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کو ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہو گی، قطر پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر ہی انہیں ویزا جاری کر دیا جائے گا جو بالکل مفت ہو گا۔ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو محض اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا جس کے ختم ہونے کی معیاد چھ ماہ سے زیادہ ہونی چاہیے جبکہ ساتھ ہی انہیں ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہو گا۔

قطری وزارت داخلہ کے مطابق اس فہرست میں شامل 33 ممالک کے شہریوں کو 180 دن تک کا ویزا ملے گا جبکہ 74 ممالک کے شہریوں کو 30 دن کا ویزا حاصل ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل قطر نے رواں ماہ ہی ریاست میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ نئے قانون پر پورا اترنے والے افراد کو وہی سہولتیں میسر آئیں گی جو ایک قطری شہری کو میسر ہیں۔